رائے بریلی ،21اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی صدر امت شاہ نے رائے بریلی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے صرف کنبہ پروری کی ہے لیکن بی جے پی کنبہ پروری کا خاتمہ کر کے ترقیاتی کاموں کو فروغ دے گی۔شاہ نے کہا کہ کانگریس سازش کی سیاست کرتی ہے اور راہل گاندھی طے کر لیں کہ سیاست میں کتنا نیچے گر جائیں گے۔
کانگریس پر الزام لگاتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ رائے بریلی کے لوگوں نے سالوں تک کانگریس کو جتایا ہے۔کانگریس کو ہندو دہشت گردی کا الزام لگانے کے لئے یہاں کے لوگوں سے معافی مانگنی چاہئے۔وہیں مکہ مسجد دھماکے کیس میں اسیمانند سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا گیا، راہل گاندھی بتائیں کہ کیا کانگریس ہندو دہشت گردی کہنے پر معافی ماگیں گے۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ راہل گاندھی ملک میں جہاں بھی جائیں گے، لوگ بھگوا دہشت گردی پر معافی مانگنے کو کہیں گے۔امت شاہ نے کہا کانگریس بھگوا دہشت گردی، ہندو دہشت گردی کہہ کر ہندو ثقافت کو بدنام کر رہی تھی لیکن عدالت کے فیصلوں نے سچ کوبے نقاب کر دیا۔ان کوبری کر دیاآج میں راہل جی کو بولنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اور ان کے رہنماؤں نے’بھگوا دہشت گردی‘کا نام دے کر ملک کے ہندوؤں کو صرف بدنام کرنے کا جو کام کیا تھا اس کے لئے ملک سے معافی مانگنی چاہئے۔میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ رائے بریلی کو ہم ایک مثالی علاقے بنائیں گے۔ہم ہی رائے بریلی کو ترقی کے راستے پرلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ تو طے ہے کہ 2019میں ایک بار پھر ملک میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ہی حکومت بنے گی۔اتر پردیش کو ایک سال میں تبدیل کرنے کی سمت میں یہاں کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے جو کام کیا ہے وہ بے مثال ہے۔مرکز کی نریندر مودی حکومت نے جو کام کیا ہے اس کا تو ملک کا بچہ بچہ گواہ بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پانچ سال میں ہم اتر پردیش کو ملک کا نمبر ون ریاست بنا دیں گے۔یہ تو مرکز اور اتر پردیش کی حکومت کے کام سے واضح ہے کہ 2019میں ملک میں ایک بار پھر سے نریندر مودی کی حکومت بننے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اس ملک کا کسان دلت سمیت ہر طبقہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ منسلک ہے۔ریاستی کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے سوا لاکھ کلومیٹر گڈھے والی سڑک کوٹھیک کیا ہے۔ اب یہاں نوجوان ہیں روزگار کے راستے کھلیں گے۔